ٹورنٹو (جانب منزل نیوز) پنجابی موسیقی کے آنجہانی اسٹار سدھو موسے والا کی یادیں ایک بار پھر مداحوں کے دلوں میں تازہ ہوگئیں، جب ان کے دو سالہ چھوٹے بھائی شبھ دیپ سنگھ سدھو نے ٹورنٹو میں اسٹیج پر اپنے بڑے بھائی کا مشہور تھاپی انداز اپنا کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔
ٹورنٹو کے اسکوٹیا بینک ایرینا میں منعقد ہونے والے سائنڈ ٹو گاڈ ہولوگرام ورلڈ ٹور کے افتتاحی شو کے دوران ننھے سدھو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں وہ اپنے والدین بلکور سنگھ اور چرن کور کے ہمراہ اسٹیج پر موجود دکھائی دیے۔
سدھو موسے والا کا ران پر ہاتھ مارنے کا مخصوص ’تھاپی‘ اشارہ ان کی پہچان سمجھا جاتا تھا۔ ننھے بھائی کو اسی انداز کی نقل کرتے دیکھ کر مداح جذباتی ہوگئے اور اپنے پسندیدہ گلوکار کی یادیں تازہ کرنے لگے۔
ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے منعقد کیے جانے والے اس عالمی ٹور میں سدھو موسے والا کی اسٹیج پر موجودگی کا تاثر دوبارہ تخلیق کیا گیا ہے۔ کنسرٹ میں سہ جہتی مناظر، گلوکار کی اصل آواز اور خصوصی اسٹیج ایفیکٹس بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر ان کے مقبول گیت ’295‘ کی نئی میوزک ویڈیو بھی جاری کی گئی۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو بھارتی پنجاب کے ضلع مانسا میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ ان کی وفات کے تقریباً دو سال بعد 17 مارچ 2024 کو ان کے والدین کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام بھی مرحوم بڑے بھائی کی یاد میں شبھ دیپ سنگھ سدھو رکھا گیا۔
سدھو موسے والا آج اس دنیا میں موجود نہیں، لیکن ان کی موسیقی، منفرد انداز اور یادیں آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔





