اسلام آباد( جانب منزل نیوز) نیشنل آئی ٹی پارک نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ملک کے پہلے جدید نیشنل آئی ٹی پارک کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل آئی ٹی پارک محض ایک عمارت نہیں بلکہ ٹیکنالوجی، جدت اور مہارت کا امتزاج ہے۔ یہ منصوبہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعظم کے مطابق نیشنل آئی ٹی پارک سے نئی کمپنیوں اور آئی ٹی ماہرین کے لیے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا سنگ بنیاد 2017-2018 میں رکھا گیا تھا اور اس کی تکمیل مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ایسے منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں وزارتِ آئی ٹی کی ٹیم نے بھرپور محنت کی۔ انہوں نے ملک بھر میں سہولت مراکز کے قیام اور آئی ٹی کے شعبے میں جاری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ لاہور میں ارفع کریم کے نام سے پاکستان کا پہلا آئی ٹی ٹاور قائم کیا گیا، جبکہ پنجاب بھر میں بھی سہولت مراکز کا نیٹ ورک پھیلایا گیا ہے۔





