کراچی( جانب منزل نیوز) کراچی کے علاقے سولجر بازار میں آٹزم کا شکار بچوں کی تعلیم و تربیت اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں سے آنے والے آٹزم کا شکار بچوں کو مفت تعلیم، اسپیچ تھراپی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
ادارے میں بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی انفرادی صلاحیتوں اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق آٹزم کا شکار بچوں میں بہتری کے لیے صبر اور مستقل مزاجی ضروری ہے، کیونکہ دیگر مسائل کے مقابلے میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کو معمول کی سرگرمیوں سے ہم آہنگ ہونے میں زیادہ وقت درکار ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ اسکول کے عملے کی جانب سے بچوں کو کھیل کود اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ ان کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔
اس مقصد کے لیے بچوں کو پی ایم اے ہاؤس گارڈن کے سرسبز ماحول میں بھی لے جایا جاتا ہے، جہاں انہیں اپنی پسند کے مطابق مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کی آزادی دی جاتی ہے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق سرسبز ماحول اور کھلے مقامات پر سرگرمیوں سے بچوں کے رویوں میں مثبت تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ ایسی سرگرمیوں سے بچوں کا ذہن تازہ ہوتا ہے اور انہیں اپنے کام خود کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد آٹزم کا شکار بچوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کرنا اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے تیار کرنا ہے۔





