انقرہ (جانب منزل نیوز) ترکیہ کے ساحل کے قریب سمندر کی تہہ میں ڈوبے ہوئے ایک 2100 سال پرانے تاریخی بحری جہاز کا ملبہ دریافت ہوا ہے، جس سے قدیم دور کے نایاب مٹی کے برتن بڑی تعداد میں برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ماہرین آثارِ قدیمہ کے مطابق انطالیہ کے ساحل پر 55 میٹر کی گہرائی میں موجود اس جہاز سے پلیٹیں، پیالے اور ٹرے سمیت 122 مختلف اقسام کے برتن ملے۔ حیرت انگیز طور پر دو ہزار سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بیشتر نوادرات تقریباً صحیح سلامت ہیں۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ قدیم تاجروں نے ان برتنوں کو لکڑی کے ڈبوں میں مٹی بھر کر رکھا ہوا تھا، جس کی وجہ سے یہ نایاب نوادرات صدیوں تک ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جہاز قدیم بحیرۂ روم کے تجارتی راستے پر سفر کر رہا تھا، جبکہ مزید تفصیلات اور حقائق سامنے لانے کے لیے زیرِ آب روبوٹس کے ذریعے کھدائی اور تحقیق کا عمل جاری ہے۔





