شارجہ (جانب منزل نیوز) عمارتوں اور اداروں میں ایمرجنسی سے نمٹنے کی تیاری مزید مؤثر بنانے کے لیے سول ڈیفنس نے دو نئی حفاظتی سروسز فعال کر دیں، ہنگامی منصوبوں کی منظوری اور انخلاء کی عملی تربیت نظام کا حصہ بنے گی۔
شارجہ میں عمارتوں اور اداروں کے لیے ایمرجنسی سیفٹی کا نیا نظام متعارف کرا دیا گیا، جس کے تحت ایمرجنسی پلانز کی منظوری اور ملازمین و عمارت میں موجود افراد کی انخلاء (Evacuation) کی عملی تربیت کو باقاعدہ حفاظتی نظام کا حصہ بنایا جائے گا۔
نئی سروسز کے تحت اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واضح منصوبہ بندی، ذمہ داریوں کی تقسیم، ایمرجنسی ایگزٹ کی نشاندہی، محفوظ راستوں اور اجتماع کے مقامات (Assembly Points) کا تعین کرنا ہوگا۔
میجر جنرل یوسف عبید بن حرموّل الشامسی، ڈائریکٹر جنرل شارجہ سول ڈیفنس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ پیشگی تیاری، مؤثر منصوبہ بندی اور انفرادی ذمہ داریوں سے آگاہی کے ذریعے یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ہنگامی صورتحال کے ابتدائی لمحات میں درست اقدامات خطرات کم کرنے اور ریسکیو ٹیموں کی کارروائی مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
شارجہ سول ڈیفنس کے مطابق Evacuation Drills کے ذریعے ملازمین کو عملی تربیت دی جائے گی تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں وہ گھبراہٹ کے بجائے بروقت، منظم اور محفوظ انداز میں ردعمل دے سکیں۔
ان مشقوں سے ادارے اپنے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے سکیں گے، ممکنہ خامیوں کی نشاندہی اور انہیں بروقت دور کرنے کے ساتھ ایمرجنسی پلانز کو مزید مؤثر بنا سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حفاظت صرف آلات کی تنصیب تک محدود نہیں بلکہ بروقت تیاری، تربیت اور ذمہ داریوں سے آگاہی بھی انسانی جانوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔





