اسلام آباد( جانب منزل نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نیا آن لائن نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت تمام کارروائی کو ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے تمام ٹیکس ریٹرن اب انکم ٹیکس کے آن لائن سسٹم IRIS پر جمع ہوں گے
سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعے جہاز سے متعلق تمام بنیادی معلومات خودکار طریقے سے IRIS پر منتقل ہو جائیں گی، جس سے شپنگ ایجنٹس کو کاغذی فائلنگ سے نجات مل جائے گی
نئے طریقہ کار کے تحت ریٹرن جمع کراتے وقت جہاز کا نام، بندرگاہ پر آمد و روانگی کا وقت، ایجنٹ کا این ٹی این اور کرائے کی مد میں ہونے والی تمام آمدن کی تفصیلا ت درج کرنا لازمی ہوگا۔ ٹیکس ادائیگی کا چالان آن لائن تیار کیا جائے گا اور واجب الادا رقم کی ادائیگی کے بعد ہی ریٹرن کی فائلنگ مکمل شمار ہوگی
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی ایجنٹ کو مہلت درکار ہو تو اسے جہاز کی روانگی سے قبل توسیع کی درخواست جمع کرانا ہوگی۔ ایف بی آر نے اس نئے فریم ورک پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے سات دنوں کے اندر آرا اور تجاویز طلب کی ہیں





