واشنگٹن: (جانب منزل نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا روس میں سامنے آنے والے طاعون کے ممکنہ کیس کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر ماسکو کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کو روس میں ممکنہ نمونیائی طاعون کے معاملے کی اطلاع ابھی ملی ہے اور امریکا اس صورتحال پر بہت قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ہم ان کی جتنی مدد کر سکتے ہیں کریں گے
روس کے سائبیریا خطے کے شہر ارکتسک میں طاعون کے ممکنہ خطرے اور ایک لیبارٹری ورکر کی پراسرار موت کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر لگ بھگ 200 افراد کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
ارکتسک اینٹی پلگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی 28 سالہ خاتون لیبارٹری ورکر نامعلوم وجوہات کے باعث ہونے والے نمونیا کی وجہ سے ہلاک ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹس میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ یہ نیومونک طاعون کا کیس ہو سکتا ہے، کیونکہ خاتون کا تعلق طاعون پر تحقیق کرنے والے ادارے سے تھا
روس کے صحت عامہ کے ادارے روسپوتریبانادزور کے مطابق خاتون کے نمونوں میں طاعون یا کسی بھی پیشہ ورانہ سرگرمی سے جڑے جراثیم کی تصدیق نہیں ہوئی اور مجموعی صورتحال مستحکم ہے۔
ممکنہ خطرے کے پیش نظر تقریباً 189 سے 200 کے قریب افراد کو جو خاتون کے رابطے میں آئے تھے، قرنطینہ اور طبی مشاہدے کے تحت رکھا گیا ہے۔
تاہم ماہرین کے مطابق تاحال بڑے پیمانے پر پھیلنے کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے








