ناگویا (جانب منزل نیوز)ایشین گیمز کرکٹ فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے ہرا کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ حسن نواز کی 96 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود قومی ٹیم کو کامیابی نہ مل سکی۔
فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابھیشیک کے 61 رنز اور آخری اوورز میں تلک ورما کی نصف سنچری اور شیوم دوبے کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 211 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا۔ پاکستانی فیلڈرز نے 4 کیچز چھوڑے اور رن آؤٹ کے مواقع بھی گنوائے۔
212 رنز کے تعاقب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور محض 39 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد صائم ایوب اور حسن نواز نے شراکت قائم کر کے امید جگائی۔ حسن نواز نے 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 96 رنز کی دلاورانہ اننگز کھیلی مگر دیگر بیٹرز کا ساتھ نہ مل سکا۔ قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 192 رنز ہی بنا سکی اور یوں پاکستان کے حصے میں دوسرا سلور میڈل آیا۔








