دبئی (جانب منزل نیوز) پاسبان ریمی ٹینس ریوارڈ اسکیم سے متعلق متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان آگاہی فراہم کرنے کیلئے قونصل جنرل پاکستان دبئی کی طرف سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب میں بڑی تعداد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے نیشنل بینک آف پاکستان کے یو اے ای آپریشنز کے بزنس ہیڈ راشد الاسلام صدیقی نے کہا ہے کہ پاسبان ریمی ٹینس ریوارڈ اسکیم ایک ایسی صنعت گیر پہل ہے جس کی قیادت ‘پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کر رہی ہے اور اسے ‘اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سرپرستی حاصل ہے۔ اس منصوبے کے لیے لنک ون تکنیکی اور آپریشنل پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے، جبکہ نیشنل بینک سمیت دیگر شراکت دار بینکوں کا تعاون بھی اسے حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد اور ان کی پوری ٹیم کے تہہ دل سے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں اس اہم قومی اقدام کو پیش کرنے اور اس کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کا یہ قیمتی موقع فراہم کیا۔ اس سیشن میں قونصلیٹ کے اعلیٰ حکام اور عملے نے شرکت کی۔

اس موقع پر تفصیلی بریفنگ اور آگاہی مواد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سوال و جواب کا ایک انٹرایکٹو سیشن بھی منعقد کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان پاسبان ریمی ٹینس ریوارڈ اسکیم سے متعلق آگاہی کو وسعت دینے کے لیے مستقبل میں بھی باہمی تعاون کے سلسلے کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔









