ماسکو (جانب منزل نیوز) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پیریڈیلکینو میں یوگینی یفتوشینکو میوزیم گیلری کا دورہ کیا جو مشہور روسی شاعر کی زندگی اور کام کے لیے وقف ہے۔

دورے کے دوران سفیر پاکستان فیصل ترمذی کو میوزیم کے مجموعے کا مشاہدہ کیا اور یفتوشینکو کی ادبی میراث اور روسی ادب میں ان کی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

سفیر پاکستان نے خاص طور پر یوگینی یفتوشینکو اور پاکستان کے مشہور شاعر فیض احمد فیض کے درمیان دوستی کو یاد کیا اور کہا کہ ان کا باہمی احترام اور ادبی تعلق پاکستان اور روس کے درمیان ایک اہم ثقافتی رابطے کی نمائندگی کرتا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا یفتوشینکو اور فیض ایک دوسرے کی شاعری کی گہری قدر کرتے تھے اور بہت سے مشترک موضوعات پر بات کرتے تھے جن میں انسانی وقار، امن، انصاف اور آزادی شامل ہیں۔ ان کی دوستی پاکستان اور روس کے درمیان دیرینہ ثقافتی تعلقات کی بامعنی عکاسی ہے۔

انہوں نے ادب اور ثقافتی تبادلے کے اہم کردار پر زور دیا جو باہمی تفہیم کو مضبوط بنانے اور پاکستان اور روس کے عوام کو قریب لانے میں مددگار ہے۔








