صفحہ اول - اردوJM
اتوار 12 جولائی 2026ء
اوورسیز پاکستانیز

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی عالمی بینک کے صدر سے ملاقات

اتوار 12 جولائی 2026ء


پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی عالمی بینک کے صدر سے ملاقات

اسلام آباد : امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نےپاکستان اور عالمی بینک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاری اور مستقبل کے منصوبوں میں مسلسل تعاون بامعنی ترقیاتی نتائج کے حصول کے لیے ناگزیر ہے۔ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران سفیر رضوان سعید شیخ نے عالمی بینک کے صدر کو فیفا ورلڈ کپ 2026کے لیے پاکستان میں تیار کیا گیا فیفاآفیشل میچ بال ’’ٹریونڈا‘‘ فٹبال یادگاری تحفے کے طور پر پیش کیا۔

عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے پاکستان میں تیار کردہ کھیلوں کے سامان خصوصاً ٹریونڈا فٹبال کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔اس موقع پر سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے ذریعے عالمی یکجہتی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے پاکستان میں تیار کردہ فٹبال کا آفیشل میچ بال کے طور پر انتخاب ایک تاریخی کامیابی اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا سامان تیار کرنے کے حوالے سے پاکستان کا شہر سیالکوٹ عالمی سطح پر ممتاز مقام رکھتا ہے اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی تیاری کے لیے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسپورٹس مینوفیکچرنگ صنعت پر عالمی برادری کا اعتماد اس شعبے کے لیے حوصلہ افزا ہے اور یہ عالمی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے صنعت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔