صفحہ اول - اردوJM
اتوار 12 جولائی 2026ء
دنیا

اسپین کی تاریخ کی ہولناک ترین آگ؛ 12 افراد ہلاک،جنگلات راکھ کے ڈھیر میں تبدیل

اتوار 12 جولائی 2026ء


اسپین کی تاریخ کی ہولناک ترین آگ؛ 12 افراد ہلاک،جنگلات راکھ کے ڈھیر میں تبدیل

اندلس : اسپین کے جنوبی علاقے اندلس میں لگنے والی خوفناک جنگلاتی آگ میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ 23 افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ آگ ملک کی تاریخ کی مہلک ترین جنگلاتی آگ میں سے ایک بن چکی ہے، جبکہ فائر فائٹرز مسلسل آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اندلس کے ایمرجنسی امور کے سربراہ انتونیو سانز نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص ہسپانوی شہری تھا جبکہ باقی افراد بظاہر غیر ملکی تھے۔

انتونیو کے مطابق ان افراد نے حکام کی جانب سے محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات پر عمل نہیں کیا اور اپنی گاڑیوں میں علاقے سے نکلنے کی کوشش کی، تاہم تیز ہواؤں کے باعث آگ انتہائی تیزی سے پھیل گئی اور وہ اس کی لپیٹ میں آگئے۔

انتونیو سانز نے کہا کہ متاثرین نے گاڑیوں میں فرار ہونے کی کوشش کی لیکن آگ نے انہیں گھیر لیا۔

حکام کے مطابق ایک گاڑی میں چار افراد کی جلی ہوئی لاشیں ملیں، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ برطانوی شہری تھے کیونکہ گاڑی کا اسٹیئرنگ دائیں جانب تھا۔

اس کے علاوہ آٹھ افراد اپنی گاڑیاں چھوڑ کر پیدل محفوظ مقام تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے، مگر وہ ایسے راستے پر نکل گئے جو انخلا کے سرکاری منصوبے کا حصہ نہیں تھا اور جان کی بازی ہار گئے۔ کئی لاشیں اس قدر جھلس چکی ہیں کہ ان کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جائے گی۔