امریکا (جانب منزل نیوز) ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ٹی وی صارفین اور کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے ویوز گننے کے نظام میں دلچسپ تبدیلی متعارف کرا دی، اب ایک ہی ٹی وی پر اکٹھے ویڈیو دیکھنے والے افراد کی تعداد بھی ویوز میں شمار ہوسکے گی۔
نئے Co-Views فیچر کے تحت اگر ایک اسمارٹ ٹی وی پر خاندان کے 3 افراد ایک ویڈیو دیکھ رہے ہوں تو یوٹیوب انہیں صرف ایک ویو کے بجائے ناظرین کی تعداد کے مطابق شمار کرنے کا اندازہ لگائے گا۔ اس تبدیلی کا اطلاق لانگ ویڈیوز، شارٹس اور لائیو اسٹریمز پر بھی ہوگا۔
یوٹیوب کے مطابق ناظرین کی تعداد جاننے کے لیے ایک شماریاتی ماڈل استعمال کیا جائے گا، جو دیکھنے کے دورانیے اور دیگر ڈیٹا کی بنیاد پر اندازہ لگائے گا، جبکہ ٹی وی کے کیمرے یا مائیکروفون استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
نئے نظام کا اطلاق 16 نومبر سے ہوچکا ہے، تاہم یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے کانٹینٹ کریئیٹرز کی آمدنی یا مونیٹائزیشن کی اہلیت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔





