کراچی (جانب منزل نیوز) سندھ کے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کی بحث پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کسی صورت تقسیم نہیں ہوگا، بلاول بھٹو زرداری کا موازنہ محسن نقوی سے بھی نہ کیا جائے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کا ایک ہی بیٹا ہے اور وہ بلاول بھٹو زرداری ہیں، لہٰذا سیاسی گفتگو بلاول بھٹو کے حوالے سے ہی ہونی چاہیے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کے دورہ اسلام آباد کے بعد سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہونے کی باتیں پھیلائی گئیں، لیکن اسلام آباد سے واپسی پر بھی بلاول بھٹو نے واضح کردیا کہ سندھ کی تقسیم کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
صوبائی وزیر نے نئے صوبوں کے مطالبے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے نئے صوبوں کا شوشہ چھوڑا جسے بعض حلقوں نے موضوعِ بحث بنا لیا۔ پیپلز پارٹی ریفرنڈم سے نہیں گھبراتی، تاہم جب سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ہے تو ریفرنڈم کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی، سندھ اسمبلی اور سندھ کے اردو بولنے والے عوام بھی سندھ کی تقسیم کے حق میں نہیں، صوبے کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔





