لاہور (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک وزیر کی جانب سے مسلسل تنقید پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وزیر آج کل روزانہ ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں، لیکن جس دن انہوں نے اس وزیر کے خلاف زبان کھول دی تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر و تحمل سے سن رہے ہیں، تاہم اب تک خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
کاروباری شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنانے کے معاملے پر وزیر داخلہ نے کہا کہ جن بزنس مینوں پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں، وہ پاکستان کے معزز شہری ہیں۔ ان میں وفاق اور مختلف شہروں کے چیمبرز آف کامرس کے صدور اور عہدیدار بھی شامل رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ کاروباری شخصیات پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شمار ہوتی ہیں۔ اگر یہ بزنس مین اتنے ہی برے ہیں تو ہر الیکشن میں پارٹی فنڈ کے نام پر انہی سے اربوں روپے کیوں وصول کیے جاتے ہیں؟





