لاہور (جانب منزل نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اس وقت پنجاب میں 80 ایئر مانیٹر موجود ہیں اور تمام متعلقہ محکمے مل کر اسموگ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اگر حکومت نے اسموگ کا ڈیٹا چھپانا ہوتا تو 80 مانیٹرز نصب نہ کیے جاتے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گلبرگ میں آج اے کیو آئی 472 ریکارڈ کیا گیا، ہوا چلنے اور دھوپ نکلنے سے فضائی آلودگی کی صورتحال میں فوری بہتری آتی ہے۔ لاہور کی آلودگی کو کنٹرول کیا گیا ہے اور اے کیو آئی تیزی سے نیچے آ رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے شہریوں کو خبردار کیا کہ اگر آئندہ تین سے چار روز موسم کی صورتحال ایسی ہی رہی تو زیادہ احتیاط کرنا ہوگی اور اسموگ کے اوقات میں ماسک کا استعمال یقینی بنانا ہوگا۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق بھٹوں اور صنعتی یونٹس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات صفر ہیں جبکہ اسموگ گنز بھی مقامی آلودگی میں کمی کے لیے کام کر رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے پاس مصنوعی بارش برسانے کی ٹیکنالوجی موجود ہے، مناسب وقت اور حالات دیکھ کر اس کا استعمال کیا جائے گا۔ اسموگ کا مسئلہ مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے شہریوں کو بھی اپنی عادات تبدیل کرنا ہوں گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب بچوں اور بزرگوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ محسوس ہوگا تو اسکولوں سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔۔





