اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وفاق اور بلوچستان حکومت کے درمیان صوبے کی ترقیاتی ترجیحات، عوامی سہولیات کی بہتری اور امن و امان کے قیام کے لیے اہم مشاورت ہوئی، جس میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور عوامی فلاح کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے درمیان دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں صوبے کے جاری ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پبلک سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مضبوط رابطے اور باہمی تعاون کو اہم قرار دیا گیا، جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
رہنماؤں نے بلوچستان میں پائیدار امن، استحکام، ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔





