نئی دہلی (جانب منزل نیوز) پاکستان اور تاجکستان کے درمیان صدیوں پر محیط تاریخی و ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے عوامی سطح پر تبادلوں، مشترکہ تحقیق اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔
نئی دہلی میں پہلے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم کے موقع پر تاجکستان کی وزیرِ ثقافت مطلوبہ خان ستوریون سے ملاقات ہوئی، جس میں مشترکہ تاریخی ورثے کو آگے بڑھانے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ورچوئل گرین یونیورسٹی کے قیام سمیت مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں، جن کے تحت ماحولیاتی تبدیلی، ثقافت اور تحقیق کے شعبوں میں مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے گا۔ اس مجوزہ اقدام کو دونوں ممالک کے علمی اور ثقافتی روابط مضبوط بنانے کی جانب ایک نئی جہت قرار دیا جا رہا ہے۔





