کراچی (جانب منزل نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور شہباز شریف اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کریں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو معاشی بحران سے نکلنے کے منصوبوں پر کام کرنے کا مناسب موقع نہیں دیا گیا، سیاسی مداخلت اور مختلف ایجنڈوں کے باعث معاشی مسائل سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہباز شریف دو مرتبہ وزیراعظم بنے، ایک بار ان کے ساتھ کابینہ میں کام بھی کیا، وزیراعظم اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا، جس کے لیے محنت کی گئی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جنگی صورتحال کے دوران وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے امن کے قیام کے لیے کوششیں کیں، تاہم انہیں ملکی معیشت پر بھرپور توجہ دینے کا موقع نہیں مل سکا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سیاسی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کو بھی سیاسی عمل میں شامل کرنا ہوگا، ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر راستہ نکالنا چاہیے۔





