دبئی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان سرحد پار ریلوے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس پر جلد عملی کام شروع ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں مال بردار ٹرینیں چلائی جائیں گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں، سامان کی ترسیل اور اقتصادی تعاون کو نئی رفتار ملے گی۔
منصوبہ خلیجی خطے کے وسیع ریلوے نیٹ ورک کا اہم حصہ ہے، جس کے ذریعے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، قطر اور عمان کو 2,117 کلومیٹر طویل ریلوے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اس نیٹ ورک پر ٹرینیں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے سفر کرسکیں گی۔
پورے خلیجی ریلوے منصوبے کو دسمبر 2030 تک مکمل طور پر فعال بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف سرحد پار تجارت اور لاجسٹکس میں بہتری آئے گی بلکہ خلیجی ممالک کے درمیان رابطوں، سرمایہ کاری اور علاقائی معاشی انضمام کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچانے کی توقع ہے۔





