نئی دلی (جانب منزل نیوز) پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے درمیان تہذیبی روابط اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کی کوششوں کے سلسلے میں وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گیا۔
نئی دلی میں پاکستانی وفد کی آمد پر پاکستانی ناظم الامور نے ڈاکٹر مصدق ملک کا استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بدلتی عالمی صورتحال میں تہذیبوں کے درمیان مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ ایس سی او رکن ممالک کو سرحدوں سے بالاتر ہوکر خیالات اور تجربات کے تبادلے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک کے مطابق پاکستان، بھارت، روس، چین اور وسط ایشیائی ممالک کے درمیان تہذیبی روابط اور تاریخی تعلقات صدیوں پرانے ہیں، جن کی جھلک تاریخی آثار میں بھی نمایاں ہے۔
پاکستانی وفد 22 نومبر تک جاری رہنے والے مکالمے میں مختلف اجلاسوں میں شرکت کرے گا، جبکہ ایس سی او رکن ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔





