لاہور (جانب منزل نیوز) اداکارہ مومنہ اقبال نے والدین کی شادی کی سالگرہ پر اپنی والدہ کو ایک ایسا منفرد اور روح پرور تحفہ پیش کیا جس نے جذبات کی نئی داستان رقم کردی۔ آمنہ بٹ کی تخلیقی مہارت سے تیار کردہ غلافِ کعبہ کا خوبصورت آرٹ ورک والدہ کے لیے محبت، عقیدت اور روحانیت کا حسین امتزاج بن گیا۔
مومنہ اقبال نے بتایا کہ وہ کئی روز سے والدہ کے لیے کسی ایسے تحفے کے بارے میں سوچ رہی تھیں جو ان کے دل کو چھو جائے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے آمنہ بٹ سے رابطہ کیا اور اپنے تصور کے مطابق خصوصی آرٹ ورک تیار کرنے کی درخواست کی، تاہم آمنہ بٹ نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے اس تصور کو توقع سے کہیں زیادہ خوبصورت بنا دیا۔
والدہ نے جب غلافِ کعبہ سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا یہ دلکش آرٹ ورک دیکھا تو ان کی آنکھیں آنسوؤں سے بھر گئیں۔ مومنہ اقبال نے آمنہ بٹ کی کئی روزہ محنت، محبت اور فنکارانہ لگن پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کے دل سے نکلی دعاؤں نے انہیں ایسا سکون دیا جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔





