اسلام آباد (جانب منزل نیوز) اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو آئین اور جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں، لیکن عملی طور پر ان کی گورننس اور کارکردگی صفر ہے۔ جمہوریت صرف تقریریں کرنے اور آئینی شقوں کی تشریح کا نام نہیں بلکہ عوام کو بہتر حکمرانی اور نتائج دینا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ بلاول بھٹو ایک طرف کہتے ہیں فیصلے بلٹ سے نہیں بلکہ بیلٹ سے ہونے چاہئیں، تو پھر ووٹ سے ڈر کیوں رہے ہیں؟ طلال چوہدری کے مطابق پیپلز پارٹی کے پاس ملک کے اہم حکومتی اور آئینی عہدے ہیں، اس کے باوجود بلاول حکومت سے لاتعلقی کا تاثر دے رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے آئینی ترامیم کے معاملے پر بھی بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آئین کی اپنی مرضی کی شقیں استعمال کرنا درست نہیں، آئینی ترامیم وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق ہوتی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ان کے خلاف تنقید کا سلسلہ خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے شروع کیا تھا۔ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھیوں کے اثاثوں سے متعلق اٹھائے گئے سوالات کے جواب دینا ضروری ہیں۔ پاکستان میں کوئی بھی سیاسی رہنما یا حکومت قانون سے بالاتر نہیں۔





