راولپنڈی (جانب منزل نیوز) پاک فوج نے فتح-3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرکے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس میزائل سپرسونک رفتار سے طویل فاصلے پر اہداف کو انتہائی درستی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-3 جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس ہے، اس کا کامیاب تجربہ پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور اسٹرائیک رینج میں نمایاں اضافہ کرے گا، جبکہ ملک کی مجموعی روایتی دفاعی صلاحیت اور دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔
میزائل لانچ کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح-3 کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے قومی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں اس اہم کامیابی پر متعلقہ افراد کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا۔





