لاہور (جانب منزل نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان ان دنوں اپنی نجی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے باعث توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ ریما خان اور شوہر ڈاکٹر طارق کے درمیان علیحدگی کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، دونوں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔
ریما خان کا شمار پاکستان کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے 1990 کی دہائی میں فلمی دنیا میں اپنی الگ پہچان بنائی۔ فلم بلندی سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کرنے والی ریما نے اداکاری، رقص، انداز اور اسکرین پر اپنی موجودگی کے باعث جلد ہی فلمی شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
ریما خان کے نمایاں فلمی کام میں کوئی تجھ سا کہاں، زمین آسمان، جو ڈر گیا وہ مر گیا، چور مچائے شور، ہاتھی میرے ساتھی اور نکاح جیسی فلمیں شامل ہیں۔ ریما نے اداکاری کے ساتھ ہدایت کاری اور پروڈکشن کے شعبوں میں بھی کام کیا، جس سے ان کی فنی شناخت صرف اداکارہ تک محدود نہیں رہی۔
ریما خان پاکستانی فلم انڈسٹری کے ایک اہم دور کی نمایاں فنکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں، ان کے فلمی سفر، مقبولیت اور فنی خدمات نے انہیں شوبز کی معروف شخصیات میں جگہ دی۔





