دبئی (جانب منزل نیوز) ذیابیطس کو صرف خون میں شوگر کی زیادتی سمجھنا بڑی غلطی ہوسکتی ہے، کیونکہ یہ مرض جسم کے اہم اعضا کو خاموشی سے نقصان پہنچا سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق شوگر کا مسلسل غیر متوازن رہنا دل، گردوں، دماغ، آنکھوں اور اعصاب کو متاثر کرنے کے ساتھ بینائی کی کمزوری، گردوں کی ناکامی اور پاؤں میں خطرناک انفیکشن کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ ماہرین نے بتایا ہے کہ ذیابیطس کے اثرات کئی برس تک واضح علامات کے بغیر بڑھ سکتے ہیں، اس لیے بروقت تشخیص اور مسلسل علاج انتہائی اہم ہے۔
زلیخہ اسپتال دبئی کے کنسلٹنٹ اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر مجدی علام کے مطابق مسلسل بلند شوگر خون کی چھوٹی اور بڑی شریانوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔ اس سے آنکھوں، گردوں اور اعصاب کے علاوہ دل اور دماغ بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں میں دل کی بیماریوں کا خطرہ عام افراد کے مقابلے میں دو سے چار گنا زیادہ ہوسکتا ہے۔ ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول کی زیادتی، پیٹ کے گرد چربی اور تمباکو نوشی اس خطرے میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔
شارجہ کے زلیخہ اسپتال کے کنسلٹنٹ اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر سندیپ گھوش کا کہنا ہے کہ صحت مند غذا اور جسمانی سرگرمی ذیابیطس کی پیچیدگیوں سے بچاؤ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
امریکن ڈائبیٹیز ایسوسی ایشن کی سفارشات کے مطابق ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل جسمانی سرگرمی اختیار کرنی چاہیے۔ مسلسل بیٹھنے کے بجائے ہر 30 منٹ بعد اٹھ کر حرکت کرنا اور روزانہ پیدل چلنا بھی فائدہ مند ہے۔
ماہرین سبزیوں، دالوں، ثابت اناج، کم چکنائی والے پروٹین اور صحت مند چکنائی کو غذا کا حصہ بنانے، جبکہ میٹھے مشروبات، پراسیسڈ فوڈز اور ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس محدود کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق زائد وزن رکھنے والے ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریض اگر اپنے وزن میں 5 سے 10 فیصد کمی کرلیں تو خون میں شوگر، بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور انسولین کی مزاحمت میں نمایاں بہتری آسکتی ہے۔اس کے علاوہ روزانہ سات سے نو گھنٹے معیاری نیند اور ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات کا باقاعدہ استعمال بھی ضروری ہے۔ شوگر کی ریڈنگ بہتر ہونے پر اپنی مرضی سے ادویات بند کرنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
ماہرین نے ذیابیطس کے مریضوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ HbA1c ٹیسٹ عموماً ہر تین سے چھ ماہ بعد کروائیں، جبکہ گردوں کی کارکردگی، پیشاب میں البومن، کولیسٹرول، آنکھوں اور اعصاب کا معائنہ کم از کم سالانہ بنیادوں پر ضرور کرائیں۔ بلڈ پریشر، وزن اور پاؤں کی باقاعدہ جانچ بھی اہم ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کی پیچیدگیاں ناگزیر نہیں۔ بروقت تشخیص، مناسب علاج، صحت مند طرزِ زندگی اور باقاعدہ طبی نگرانی سے سنگین مسائل کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔ بعض منتخب ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریضوں میں مسلسل اور ڈاکٹر کی نگرانی میں وزن کم کرنے سے مرض کی ریمیشن بھی ممکن ہے۔





