کراچی (جانب منزل نیوز) شہر قائد میں شادی کی خوشیاں منانے کا خطرناک انداز ایک بار پھر سامنے آگیا، کورنگی ناصر جمپ کے قریب شادی کی تقریب میں باراتیوں نے ہوائی فائرنگ کے ساتھ نوٹوں کی بارش بھی کردی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں نامعلوم افراد کو سرعام ہوائی فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ حیران کن طور پر پولیس موبائل بھی موقع پر موجود تھی اور اس کی موجودگی میں فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے ویڈیو کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ شادی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائیوں کے باوجود یہ خطرناک رجحان ختم نہیں ہوسکا۔ یکم نومبر کو پشاور میں شادی کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ پر پولیس نے 6 دلہوں سمیت 10 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
ہوائی فائرنگ کے واقعات ماضی میں متعدد قیمتی جانیں لے چکے ہیں، اس کے باوجود بعض افراد جشن منانے کے نام پر انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔





