لاہور (جانب منزل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کلائمیٹ آبزرویٹری کے قیام کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور جدید سائنسی تحقیق کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید موسمیاتی ادارہ قائم کیا جا رہا ہے، جو اے آئی پر مبنی موسمیاتی تجزیوں اور جدید پیش گوئیوں کا مرکز بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ جدید آبزرویٹری میں ہوا کے معیار، پانی، مٹی اور موسم کی براہِ راست نگرانی کی سہولت ہوگی، جبکہ تحقیقی لیبارٹریز اور ماحولیاتی ڈیٹا کی جدید سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کے مطابق یہ منصوبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع، قدرتی آفات سے نمٹنے، پانی کے تحفظ اور موسمیاتی لحاظ سے محفوظ زراعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کو موسمیاتی تحقیق اور جدت طرازی میں علاقائی رہنما بنایا جائے گا اور نوجوان موسمیاتی سائنسدانوں کے لیے تحقیق کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔





