دبئی ( جانب منزل نیوز) فٹبال کے میدان سے کاروباری دنیا تک کامیابی کا سفر ، سابق مانچسٹر یونائیٹڈ اسٹار ریو فرڈینینڈ نے دبئی میں اپنی سرمایہ کاری کو نئی وسعت دے دی۔ ان کی ابتدائی سرمایہ کاری سے ترقی کرنے والی فن ٹیک کمپنی سوکن (Sokin) نے دبئی میں نیا دفتر کھول لیا، جبکہ متحدہ عرب امارات میں اپنی ٹیم کو 100 ملازمین تک بڑھانے کا اعلان کر دیا۔
کمپنی کو دبئی فنانشل سروسز اتھارٹی (DFSA) کا لائسنس بھی حاصل ہوگیا ہے، جس کے بعد کاروباری ادارے سوکن کے ذریعے اماراتی درہم میں ادائیگیاں وصول کر سکیں گے۔ کمپنی کا نیا دفتر ون زعبیل میں قائم کیا گیا ہے۔
ریو فرڈینینڈ کا کہنا ہے کہ وہ فٹبال کے بعد کاروباری دنیا میں بھی اپنی ایک نمایاں شناخت بنانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق کاروبار کا یہ دوسرا سفر ممکنہ طور پر فٹبال کے کیریئر سے بھی بڑا ثابت ہوسکتا ہے۔
سوکن دنیا کے 170 ممالک میں 70 سے زائد کرنسیوں کے ذریعے مالیاتی خدمات فراہم کر رہی ہے، جبکہ کمپنی کے پلیٹ فارم سے سالانہ 11 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔
ریو فرڈینینڈ نے دبئی کے کاروباری ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کاروباری افراد کو مواقع، تعاون اور اپنے نیٹ ورکس تک رسائی فراہم کی جاتی ہے، جو نئے کاروبار کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔





