اسلام آباد (جانب منزل نیوز ) پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی روابط کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت، حکومت پاکستان نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کو نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 20 سے 22 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والے اس اہم اجلاس میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اجلاس میں مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمے، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی تفہیم کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان نے اس شرکت کے ذریعے باہمی احترام، بین الثقافتی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ایس سی او کا یہ پلیٹ فارم رکن ممالک کو مشترکہ ثقافتی اقدار اور تہذیبی روابط کے فروغ کا موقع فراہم کرے گا۔





