لاہور (جانب منزل نیوز) سابق مایہ ناز بلے باز محمد یوسف اور ویمن کرکٹ کی عظیم کپتان ثناء میر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہال آف فیم 2025 میں شامل کر لیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات اور عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔
محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے عمل میں آیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا۔
محمد یوسف نے 381 بین الاقوامی میچز میں 17 ہزار 300 رنز بنا کر اپنی بیٹنگ کا لوہا منوایا۔ 2006 میں ٹیسٹ کرکٹ کے ایک کیلنڈر سال میں 1,788 رنز اسکور کرنا ان کے کیریئر کا تاریخی کارنامہ ہے۔
ثناء میر نے 226 انٹرنیشنل میچز میں 240 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 2,432 رنز بھی اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈلز جیت کر تاریخ رقم کی۔
پی سی بی ہال آف فیم میں پہلے ہی عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس، جاوید میانداد، انضمام الحق اور حنیف محمد سمیت 14 عظیم پاکستانی کرکٹرز شامل ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دونوں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی غیر معمولی کارکردگی سے ملکی کرکٹ میں منفرد مقام بنایا۔





