ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ نے ترقی کی نئی تاریخ رقم کردی، رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران ابوظہبی میں جائیدادوں کی خرید و فروخت کا مجموعی حجم 171 ارب درہم تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 76.1 فیصد زیادہ ہے۔ پراپرٹی مارکیٹ کی اس شاندار پیش رفت نے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ بھی متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت کی جانب مبذول کرادی ہے۔
اسی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کے تناظر میں انٹرنیشنل رئیل اسٹیٹ اینڈ انویسٹمنٹ شو (IREIS 2026) ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر (ADNEC) میں منعقد ہوا، جہاں تین روزہ نمائش اور کانفرنس میں اماراتی پراپرٹی ڈویلپرز، عالمی بروکرز اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ نمائش کا افتتاح ورٹیکس ہولڈنگز کے چیئرمین عامر الاحبابی اور ADNEC سینٹر کے چیف کمرشل آفیسر خلیفہ القبیسی نے کیا۔
عامر الاحبابی کے مطابق قیادت کا وژن، مستحکم سرمایہ کاری کا ماحول اور انفراسٹرکچر کی مسلسل ترقی ابوظہبی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے، جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہورہا ہے۔
ابوظہبی رئیل اسٹیٹ سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق 2026 کے پہلے 9 ماہ میں جائیدادوں کی فروخت کے 23 ہزار 749 سودے ہوئے، جن کی مالیت 119.33 ارب درہم رہی۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں 15 ہزار 910 سودوں کی مجموعی مالیت 58.20 ارب درہم تھی۔ یوں فروخت کی مالیت میں 105 فیصد جبکہ سودوں کی تعداد میں 49.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
نمائش کے ڈائریکٹر ارون بوس نے کہا کہ اس طرح کے عالمی ایونٹس ڈویلپرز، بروکرز اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور نئے کاروباری روابط قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سعدیات، ریم اور حدیریات جزائر کے ساحلی منصوبے بھی سرمایہ کاروں کی خصوصی توجہ حاصل کررہے ہیں۔
نمائش میں ایک منفرد مستقبل کے شہر کا تصور بھی پیش کیا گیا، جسے عرب ثقافت اور اماراتی ورثے سے متاثر ہوکر ڈیزائن کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ڈی سوزا ہولڈنگز کے بانی ایڈگر گیرسن کے مطابق اس منصوبے کا مرکزی تصور ایک درہم کے سکے پر بنے عربی قہوہ دان سے لیا گیا ہے، جبکہ اس کے گرد سات کافی کے پیالے متحدہ عرب امارات کی سات ریاستوں کی علامت ہوں گے۔
مجوزہ شہر میں 12 لاکھ افراد کی رہائش کی گنجائش ہوگی، جبکہ اس کے اطراف مزید تقریباً 3 لاکھ افراد کے لیے سہولتوں کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔ منصوبے میں 12 مرکزی شاہراہیں، تین سرکلر بیلٹس اور مرکز تک جانے والی چار مخصوص سڑکیں تجویز کی گئی ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس ترتیب کے ذریعے شہر کے مرکز تک تقریباً 7 سے 10 منٹ میں پہنچنا ممکن ہوگا۔
شہر میں الیکٹرک گاڑیوں، جدید نکاسی آب، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے، کچرے کی ری سائیکلنگ اور مربوط ٹرانسپورٹ نظام کو ترجیح دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ تاہم یہ ایک مجوزہ تصور ہے، مکمل شدہ یا منظور شدہ منصوبہ نہیں۔
IREIS 2026 میں سامانا، العقون اور دیگر اماراتی و بین الاقوامی اداروں نے بھی شرکت کی۔ سرمایہ کاروں کی دلچسپی صرف ابوظہبی تک محدود نہیں بلکہ دبئی، شارجہ، عجمان اور راس الخیمہ کی مارکیٹیں بھی توجہ کا مرکز ہیں۔
ماہرین کے مطابق شارجہ اور شمالی امارات میں صنعتی اور رہائشی منصوبوں کے امکانات بڑھ رہے ہیں، خصوصاً بندرگاہوں تک آسان رسائی رکھنے والے علاقوں میں ٹیکسٹائل اور آٹوموبائل سمیت مختلف صنعتوں کی دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔
جے ایل ایل کے 2026 گلوبل رئیل اسٹیٹ ٹرانسپیرنسی انڈیکس میں ابوظہبی کو دنیا کی سب سے زیادہ بہتری دکھانے والی مارکیٹ قرار دیا گیا ہے۔ امارت 2024 میں 41ویں پوزیشن سے ترقی کرتے ہوئے 2026 میں 33ویں نمبر پر آگئی، جبکہ اس کا اسکور 2.42 رہا۔ رپورٹ کے مطابق ابوظہبی نے نیم شفاف مارکیٹ کے درجے سے شفاف مارکیٹ کے درجے میں جگہ بنائی ہے۔
IREIS کے ڈائریکٹر ارون بوس نے 2027 اور 2028 کے دوران متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں مزید ترقی کی توقع ظاہر کی، خصوصاً زیرِ تعمیر منصوبوں اور ہوٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے امکانات نمایاں قرار دیے۔ عالمی تعاون اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے روابط کو بھی اماراتی پراپرٹی مارکیٹ کی توسیع کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔





