کیلیفورنیا (جانب منزل نیوز) دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی اینوڈیا (Nvidia) میں بڑی انتظامی تبدیلی، شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ مبینہ چینی جاسوسی اسکینڈل کی زد میں آنے کے بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
امریکی ٹیکنالوجی انڈسٹری میں اس پیش رفت نے ہلچل مچا دی ہے۔ کمپنی نے نئے سی ای او کی تقرری تک چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو عبوری سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ سابق سی ای او اور بورڈ ممبر ہاروی جونز کو کمپنی کا پہلا باقاعدہ بورڈ چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔
63 سالہ جینسن ہوانگ کے خلاف یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کرگیا جب امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کے ایک چینی کاروباری خاتون سے مبینہ تعلقات تھے، جن پر امریکی حکام کو چین کے لیے جاسوسی کرنے کا شبہ تھا۔ ان اطلاعات کے بعد ہوانگ کو بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا تھا۔
جینسن ہوانگ کی رخصتی صرف سی ای او کے عہدے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ وہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے بھی الگ ہوجائیں گے۔ ان کے پاس اینوڈیا کے تقریباً 3.61 فیصد حصص ہیں اور وہ کمپنی کے بڑے سرمایہ کاروں میں شامل ہیں۔
اس غیرمعمولی تبدیلی کے اثرات امریکی چپ انڈسٹری، چین کو جدید ٹیکنالوجی کی برآمد اور عالمی مصنوعی ذہانت کی مارکیٹ پر بھی پڑنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ ہوانگ چین کو امریکی ٹیکنالوجی کی فراہمی جاری رکھنے کے حامی رہے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بھی ان کے قریبی روابط رہے ہیں۔
دوسری جانب کمپنی کے بورڈ نے پہلے ہی آزاد ڈائریکٹرز کی سربراہی میں بیرونی قانونی ماہرین کے ذریعے تحقیقات شروع کر رکھی تھیں۔ تنازع کو مزید ہوا اس وقت ملی جب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ہوانگ کے کمپنی کی ہیلتھ کیئر نائب صدر کمبرلی پاول کے ساتھ مبینہ تعلقات سے متعلق رپورٹ بھی شائع کردی۔
ٹیکنالوجی کی دنیا کے طاقتور ترین ناموں میں شمار ہونے والے جینسن ہوانگ کی اچانک رخصتی نے اینوڈیا کی قیادت اور مستقبل کی حکمت عملی پر نئے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔





