عجمان (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات میں علم و تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اور قابلِ فخر پیش رفت سامنے آگئی۔ سٹی یونیورسٹی عجمان کے 565 طلبہ نے گریجویشن مکمل کرکے کامیابی کا نیا باب رقم کردیا۔ دسویں کانووکیشن کی پروقار تقریب میں عجمان کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ عمار بن حمید النعیمی نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں مختلف شعبوں کے انڈر گریجویٹ اور ماسٹرز پروگرامز مکمل کرنے والے طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔ شیخ عمار بن حمید النعیمی نے فارغ التحصیل نوجوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور قومی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سے حاصل ہونے والا علم اور مہارتیں عملی زندگی میں کامیابی کی بنیاد ہیں، تاہم ڈگری حاصل کرنا منزل نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ نوجوانوں کو مسلسل سیکھنے، جدید مہارتیں اپنانے اور اپنی صلاحیتوں سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔
ولی عہد عجمان نے طلبہ کے اہلِ خانہ اور تعلیمی ادارے کی انتظامیہ کو بھی مبارک باد پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے انڈر گریجویٹ اور ماسٹرز طلبہ کو خصوصی اعزازات دیے گئے۔
سٹی یونیورسٹی عجمان کے صدر عمران خان کے مطابق ادارے کے سابق فارغ التحصیل طلبہ کی تعداد 4 ہزار 500 سے تجاوز کرچکی ہے، جو مختلف شعبوں میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔





