ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی توانائی کمپنی اے ڈی این او سی گیس نے کاروباری میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری سہ ماہی میں اپنا خالص منافع دگنا کر دیا۔ کمپنی کا منافع بڑھ کر 1 ارب 34 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 101 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی کی آپریٹنگ آمدن میں بھی 70 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 2 ارب 3 کروڑ ڈالر تک جا پہنچی۔ بہترین مالی نتائج کے بعد کمپنی نے سال 2026 کے لیے کم از کم 4 ارب ڈالر خالص منافع کا نیا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
اے ڈی این او سی گیس کے بورڈ نے شیئر ہولڈرز کے لیے 94 کروڑ ڈالر کے سہ ماہی ڈیویڈنڈ کی منظوری دے دی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ یہ ادائیگی دسمبر میں کی جائے گی، جبکہ کمپنی نے 2030 تک سالانہ ڈیویڈنڈ میں 5 فیصد اضافے کا ہدف بھی رکھا ہے۔
کمپنی 2026 سے 2030 کے دوران تقریباً 28 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت رُوَیس ایل این جی سمیت چار بڑے توسیعی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کے ذریعے 2030 تک کمپنی کی آپریٹنگ آمدن میں 60 فیصد اضافے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
اے ڈی این او سی گیس اپنی تنصیبات میں مصنوعی ذہانت، جدید کنٹرول رومز اور خودکار روبوٹس کا استعمال تیزی سے بڑھا رہی ہے۔ کمپنی کو توقع ہے کہ ان جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے 2030 تک 90 کروڑ ڈالر سے زائد کے مالی فوائد حاصل ہوں گے۔





