ابوظہبی (جانب منزل نیوز) بجلی کی بچت، ماحول دوست توانائی اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ابوظہبی کا انقلابی اقدام، کامیاب آزمائشی منصوبے کے بعد بجلی کے استعمال کو متوازن بنانے کے لیے نئی پالیسی جاری کر دی گئی۔
ابوظہبی نے بجلی کی زیادہ طلب کے اوقات میں کھپت کم کرنے کے لیے انرجی ایگریگیٹر کمپنیوں کی لائسنسنگ کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بجلی کے وسائل کا بہتر استعمال، فراہمی میں استحکام اور توانائی کے اخراجات میں کمی لانا ہے۔
محکمہ توانائی ابوظہبی کے مطابق 2025 کے ڈیمانڈ رسپانس منصوبے کے دوران بجلی کی طلب میں اوسطاً 251 میگاواٹ کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض مراحل میں یہ کمی 401 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ اس کے مقابلے میں 2024 میں اوسط کمی 106 میگاواٹ تھی۔
منصوبے کے تحت بجلی کے زیادہ استعمال کے اوقات میں تقریباً 27 گیگاواٹ آور کھپت کم کی گئی، جس سے اندازاً 4 ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی اخراج سے بچاؤ ممکن ہوا۔ اس منصوبے میں مختلف معاشی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد اداروں نے حصہ لیا اور کامیاب شرکا کو بجلی کے بلوں میں مالی مراعات بھی دی گئیں۔
دھات سازی، سیمنٹ، ریفائننگ، صنعتی گیس، لاجسٹکس، کمرشل عمارتوں اور ڈسٹرکٹ کولنگ کے شعبوں نے اس منصوبے میں تعاون کیا۔ مختلف مراحل میں مجموعی طور پر 408 میگاواٹ سے زائد بجلی کی طلب میں لچک پیدا کی گئی، جسے ضرورت کے مطابق کم یا تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
ابوظہبی حکام مصنوعی ذہانت اور ورچوئل پاور پلانٹس کے ذریعے توانائی کے نظام کو مزید جدید بنانے پر بھی کام کر رہے ہیں۔ یہ منصوبہ انرجی اینڈ واٹر ایفیشنسی اسٹریٹجی 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد بڑھتی ہوئی معاشی سرگرمیوں کے باوجود توانائی کے وسائل کو مؤثر، پائیدار اور ماحول دوست انداز میں استعمال کرنا ہے۔





