دبئی (جانب منزل نیوز) کھیلوں کی دنیا میں ایک اور رنگا رنگ عالمی ایونٹ کی تیاریاں، برج ٹو برج ہاف میراتھن 2027 میں دنیا بھر کے رنرز دبئی کے مشہور لینڈ مارکس کے درمیان دوڑ لگائیں گے، 24 جنوری کو شہر ایک بڑے اسپورٹس فیسٹیول کی میزبانی کرے گا۔
دبئی کی مقبول برج ٹو برج ہاف میراتھن کے چوتھے ایڈیشن کے لیے نیا اور دلکش روٹ متعارف کرا دیا گیا ہے۔ 21.1 کلومیٹر طویل اس ریس کا آغاز 24 جنوری 2027 کو صبح 6 بج کر 30 منٹ پر کوکا کولا ایرینا سے ہوگا، جہاں سے کھلاڑی دبئی کی بلند و بالا عمارتوں اور خوبصورت شاہراہوں سے گزرتے ہوئے ساحلی علاقے کی جانب بڑھیں گے۔
نئے روٹ میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ، میوزیم آف دی فیوچر اور جمیرا بیچ روڈ جیسے مشہور مقامات شامل ہیں، جبکہ ریس کا اختتام برج العرب کے دلکش نظارے کے قریب ہوگا۔
اسپورٹس ایونٹ کے ساتھ 21 سے 23 جنوری تک کوکا کولا ایرینا میں تین روزہ برج ٹو برج ایکسپو بھی منعقد ہوگی، جس میں کھلاڑیوں کی ملاقاتیں، تربیتی نشستیں، تفریحی سرگرمیاں اور مختلف برانڈز کی نمائش شامل ہوگی۔
23 جنوری کو 3 سے 12 سال کے بچوں کے لیے ایک کلومیٹر کی منی میراتھن بھی ہوگی، جس میں والدین بچوں کے ساتھ دوڑ سکتے ہیں۔ فاصلہ مکمل کرنے والے ہر بچے کو خصوصی میڈل دیا جائے گا۔
برج ٹو برج میراتھن نے مختصر عرصے میں عالمی مقبولیت حاصل کی ہے۔ 2024 میں تقریباً 4 ہزار رنرز نے شرکت کی، 2025 میں یہ تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 2026 میں تقریباً 16 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی اور ایونٹ کی تمام نشستیں مکمل ہوگئیں۔
گزشتہ ایڈیشن میں 172 قومیتوں کے رنرز شریک ہوئے، جن میں 30 فیصد بیرون ملک سے آنے والے کھلاڑی اور تقریباً 40 فیصد خواتین شامل تھیں۔
2027 کی ریس کے لیے رجسٹریشن فیس 350 درہم مقرر کی گئی ہے۔ آخری مرحلے کی رجسٹریشن 3 جنوری 2027 تک یا گنجائش مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔ شرکا کو ریس شرٹ، ٹائمنگ چپ والا بِب، راستے میں پانی اور معاونت سمیت اختتامی میڈل بھی فراہم کیا جائے گا۔





