ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں یو اے ای ترقی، استحکام اور مضبوط حکمرانی کی عالمی مثال بن چکا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے حکومتی سالانہ اجلاس 2026 میں ملک کی مستقبل کی حکمت عملی، قومی ترجیحات اور ترقیاتی اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 500 اعلیٰ حکومتی عہدیدار شریک ہوئے، جنہوں نے مختلف شعبوں میں کارکردگی، کامیابیوں اور مستقبل کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
شیخ محمد بن راشد نے اپنے پیغام میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کا مستقبل مزید تابناک ہوگا، آنے والے دن پہلے سے بہتر ہوں گے اور ملک کا پرچم مزید بلند ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے امورِ کابینہ محمد بن عبداللہ القرقاوی نے انکشاف کیا کہ ملک بھر میں 4 ہزار ارب درہم سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد قومی معیشت کو مزید مستحکم، معاشرے کو مضبوط اور حکومتی خدمات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا ہدف دنیا کی بہترین قوم، حکومت اور معاشرہ بننا ہے۔ اس مقصد کے لیے تیز رفتار فیصلوں، مؤثر حکمت عملی اور جدید حکومتی نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
محمد القرقاوی نے مزید کہا کہ ملک صرف موجودہ کامیابیوں پر اکتفا نہیں کرے گا بلکہ ترقی کی رفتار مزید تیز کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ، مستحکم اور روشن مستقبل کی بنیادیں مضبوط بنائے گا۔





