ترکی (جانب منزل منزل) ترکی کے مغربی شہر ازمیر کے قریب اسٹیل بنانے والی فیکٹری میں ہونے والے ہولناک دھماکے نے تباہی مچا دی، افسوسناک حادثے میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد فیکٹری سے اٹھنے والے سیاہ دھوئیں کے بادل اور بلند ہوتے آگ کے شعلوں نے خوفناک منظر پیش کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہونے کی تصدیق کردی۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حادثہ ازمیر سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال میں علی آغا کے علاقے میں واقع حاباش دمیر چیلیک اسٹیل پلانٹ میں پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اسٹیل کی تیاری کے دوران استعمال ہونے والی اوورہیڈ کرین گر کر صنعتی بھٹی کے قریب جا پہنچی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ زمین زلزلے کی طرح لرزتی محسوس ہوئی۔ فیکٹری میں کام کرنے والے مزدور بھی اس اچانک سانحے سے متاثر ہوئے۔





