شارجہ (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے ثقافتی ورثے کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے اماراتی مختصر فلم ’’الرّاوی‘‘ نے منفرد انداز میں تاریخ، دوستی اور روایات کے رنگ بکھیر دیے۔ صرف چھ منٹ کی اس فلم میں ماضی کے سمندری سفر، موتیوں کی تلاش اور انسانی رشتوں کی خوبصورتی کو متاثر کن انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی 1960 کی دہائی کے دو دوستوں کے گرد گھومتی ہے، جن کی زندگی موتیوں کی تلاش کے روایتی سفر سے جڑی ہوتی ہے۔ سمندر کی گہرائیوں میں غوطہ لگانے والے افراد کے لیے ایک دوسرے پر اعتماد کس قدر اہم تھا، فلم اس جذبے کو خوبصورتی سے اجاگر کرتی ہے۔
کہانی میں ایک دادا اپنی پوتی کو ماضی کی یادیں سناتے ہیں اور آخر میں اسے کہانی سنانے کی ذمہ داری سونپ دیتے ہیں، یوں نسل در نسل منتقل ہونے والی روایات اور خاندانی ورثے کا پیغام سامنے آتا ہے۔
ہدایت کار یوسف عاکف کے مطابق فلم کی تیاری میں تاریخی تحقیق کے ساتھ جدید تھری ڈی ماڈلنگ، ویژول ایفیکٹس اور مصنوعی ذہانت سے مدد لی گئی۔ شارجہ کے قدیم نقشوں کی بنیاد پر شہر کا تھری ڈی ماڈل تیار کیا گیا، جبکہ شاہین کو کہانی کے راوی کے طور پر ایک منفرد علامتی کردار دیا گیا۔
فلم میں پرانے دور کی کشتیوں، گھروں، ملبوسات اور اماراتی لہجے کی درست عکاسی کے لیے خصوصی تحقیق کی گئی۔ مقامی فنکاروں نے بھی اپنے جوش و جذبے سے اس منصوبے کو حقیقت کا رنگ دیا۔
’’الرّاوی‘‘ نے 26ویں شارجہ انٹرنیشنل نریٹر فورم میں پہلی بار نمائش کے ذریعے توجہ حاصل کی۔ فلم کا بنیادی پیغام ہے کہ جدید دنیا میں ترقی کے ساتھ اپنی ثقافت، روایات اور دوستی جیسے قیمتی رشتوں کو بھی زندہ رکھنا ضروری ہے۔





