دبئی (جانب منزل نیوز) دنیا کی مقبول ترین ٹی 20 لیگز میں شامل انڈین پریمیئر لیگ کے شیڈول میں بڑی تبدیلی کی تجویز سامنے آگئی۔ لیگ کے سابق چیئرمین اور بانی لالیت مودی نے ٹورنامنٹ مارچ تا مئی کے بجائے جنوری میں شروع کرنے یا اکتوبر سے اپریل تک نیا کرکٹ کیلنڈر ترتیب دینے کا مشورہ دے دیا۔
لالیت مودی کے مطابق آئی پی ایل اب ایک عالمی اسپورٹس اور کمرشل پاور ہاؤس بن چکی ہے، جسے اپنے انعقاد کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے مخصوص ونڈو لینے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا فیصلہ خود کرنا چاہیے۔
سابق چیئرمین نے آئی پی ایل کے اثرات کا موازنہ بالی ووڈ سے کرتے ہوئے دلچسپ مثال دی کہ 2008 میں لیگ کے آغاز پر فلمی صنعت اور ٹیلی ویژن کے پروگراموں کے شیڈول متاثر ہوئے، فلموں کی ریلیز مؤخر کرنا پڑی اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو اپنے اوقات تبدیل کرنا پڑے۔ ان کے بقول بالی ووڈ نے آئی پی ایل کے لیے خود کو ایڈجسٹ کیا تھا۔
لالیت مودی نے اپریل اور مئی کی شدید گرمی کو بھی شیڈول میں تبدیلی کی اہم وجہ قرار دیا۔ ان کا خیال ہے کہ جنوری میں آغاز یا نیا سیزن کیلنڈر کھلاڑیوں، شائقین اور براڈکاسٹرز کے لیے زیادہ سازگار ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے چیمپئنز لیگ ٹی 20 کی بحالی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نئی لیگ متعارف کرانے کے بجائے پہلے سے کامیاب آئی پی ایل کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
دوسری جانب آئی پی ایل 2027 کے لیے بی سی سی آئی کی جانب سے 10 مارچ سے 15 مئی تک مجوزہ شیڈول زیر غور ہے۔ تاہم جنوری میں ٹورنامنٹ کا انعقاد بھارتی ٹیم کی بین الاقوامی مصروفیات کے باعث ایک بڑا چیلنج ہوگا۔





