دبئی (جانب منزل نیوز) معروف لولو گروپ نے متحدہ عرب امارات میں اپنے ریٹیل نیٹ ورک کو مزید وسعت دیتے ہوئے دبئی کے علاقے عود المطینہ میں موپنز مال کے اندر اپنا 127واں ہائپرمارکیٹ کھول دیا۔ یہ خلیجی ممالک میں گروپ کا 291واں اسٹور ہے، جس سے دبئی کے مضافاتی علاقوں میں جدید خریداری کی سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔
نئے ہائپرمارکیٹ کا افتتاح دبئی میونسپلٹی کے ادارہ جاتی معاونتی خدمات کے شعبے کے سربراہ سید اسماعیل الہاشمی نے کیا۔ تقریب میں لولو گروپ کے چیئرمین یوسف علی ایم اے اور موپنز گروپ کے بانی و چیف ایگزیکٹو سلیم موپن بھی موجود تھے۔
موپنز مال میں قائم ہائپرمارکیٹ 40 ہزار مربع فٹ رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جہاں تازہ پھل، سبزیاں، بیکری مصنوعات، تیار کھانے، روزمرہ استعمال کی اشیا، فیشن لوازمات، گھریلو آلات اور الیکٹرانکس دستیاب ہوں گے۔
خریداری کو تیز اور سہل بنانے کے لیے سیلف چیک آؤٹ کاؤنٹرز اور مفت پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
لولو گروپ کے چیئرمین یوسف علی ایم اے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مسلسل ترقی کے ساتھ گروپ بھی اپنی کاروباری موجودگی بڑھا رہا ہے، تاکہ بڑے شہروں کے مضافاتی علاقوں میں رہنے والی کمیونٹیز کو بھی معیاری خریداری کی سہولت میسر آسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ دبئی ریجن میں مزید سات منصوبے بھی تیاری کے مراحل میں ہیں۔
لولو گروپ نے امریکا اور بھارت میں بھی تین نئے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، جن میں فوڈ پروسیسنگ، لاجسٹکس اور سماجی فلاح کے شعبے شامل ہیں۔
امریکی شہر ہیوسٹن میں پانچ ایکڑ پر نیا عالمی ہیڈکوارٹر، فوڈ پروسیسنگ اور لاجسٹکس مرکز قائم کیا جائے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 15 کروڑ درہم کی سرمایہ کاری ہوگی، جبکہ 90 ہزار مربع فٹ تعمیر شدہ رقبے پر مشتمل یہ مرکز جنوری 2027 میں فعال ہونے کی توقع ہے۔
بھارت کی ریاست اتر پردیش میں 250 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت سے جدید فوڈ پروسیسنگ اور لاجسٹکس مرکز تعمیر کیا جا رہا ہے۔ 20 ایکڑ پر محیط اس منصوبے میں کولڈ اسٹوریج کی سہولت بھی شامل ہوگی، جہاں 100 ریفریجریٹڈ کنٹینرز رکھنے کی گنجائش ہوگی۔ اس مرکز کے دسمبر 2026 میں فعال ہونے کی توقع ہے۔
اسی طرح بھارت کے گاندھی بھون میں بزرگ مرد شہریوں کے لیے 15 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت سے اولڈ ایج ہوم قائم کیا جا رہا ہے، جہاں 250 بزرگ افراد کی رہائش کا انتظام ہوگا۔ اس منصوبے کے نومبر 2026 میں کھلنے کی توقع ہے۔





