شارجہ ( جانب منزل نیوز ) شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر 2026 کے 45ویں ایڈیشن میں فلسطینی ثقافت کے رنگ اور روایتی کھانوں کی خوشبو نے محفل کو یادگار بنا دیا۔ معروف شیف سلام دقّاق نے خصوصی نشست میں فلسطینی دسترخوان کے قدیم ذائقوں، گھریلو روایات اور نسل در نسل منتقل ہونے والی دلچسپ خاندانی کہانیوں سے شرکاء کے دل جیت لیے۔
فلسطینی ذائقے اور خاندانی کہانیاں کے عنوان سے منعقدہ نشست میں روایتی پکوانوں کو فلسطینی شناخت، تہذیب اور ثقافتی ورثے کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔ شیف سلام دقّاق نے بتایا کہ فلسطینی کھانے محض لذیذ پکوان نہیں بلکہ ان میں تاریخ، خاندانی محبت، اپنائیت اور نسلوں کی یادیں بھی سمٹی ہوتی ہیں۔
انہوں نے باور کرایا کہ گھروں میں تیار ہونے والے روایتی پکوان خاندانوں کو جوڑنے اور ثقافتی شناخت کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
شارجہ بک فیئر کی یہ منفرد نشست کتابوں کے ساتھ ذائقوں اور ثقافتوں کے سفر کی بھی خوبصورت مثال بن گئی، جہاں فلسطینی روایات نے شرکاء کو ایک مختلف ثقافتی دنیا سے روشناس کرایا۔





