پیرس (جانب منزل نیوز) فرانس میں مہنگائی، بڑھتے ہوئے اخراجات اور معاشرتی عدم مساوات کے خلاف احتجاجی تحریک زور پکڑنے لگی، ملک بھر میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر حکومت سے معاشی مشکلات کے حل اور عوامی ریلیف کا مطالبہ کردیا۔
فرانس میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی احتجاجی مظاہرے جاری رہے، جن میں یلو ویسٹ تحریک کے کارکنوں، مزدور یونینز، ہائی اسکول اور یونیورسٹی طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہروں کے دوران پیرس سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، جبکہ دارالحکومت میں صدارتی محل ایلیزی پیلس کے قریب اجتماع روکنے کے لیے پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے۔
حکام نے ملک بھر میں ایک لاکھ 70 ہزار افراد کی ممکنہ شرکت کا تخمینہ لگایا تھا، تاہم وزارت داخلہ کے مطابق ہفتے کی دوپہر تک تقریباً 7 ہزار مظاہرین سڑکوں پر موجود تھے۔ احتجاجی صورتحال کے پیش نظر 70 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔
لیون شہر میں مظاہرین کی جانب سے سڑک بند کرنے پر پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا، جبکہ پیرس میں بعض مظاہرین کو حراست میں بھی لیا گیا۔
دوسری جانب مسلسل احتجاج اور سکیورٹی اقدامات کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ طلبہ اور اساتذہ نے تعلیمی شعبے کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آئندہ ہفتے دوبارہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
فرانس میں 2027 کے صدارتی انتخابات سے چند ماہ قبل احتجاجی سرگرمیوں نے سیاسی ماحول کو مزید گرما دیا ہے، جبکہ حکومت کو معاشی دباؤ، عوامی مطالبات اور امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔





