دبئی (جانب منزل نیوز) اماراتی قیادت کی ایک اور خوبصورت خاندانی تقریب میں شرکت، دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم، راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی اور دیگر اعلیٰ شخصیات دبئی پولیس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ عبید المری کے صاحبزادے سعید کی شادی کی تقریب میں شریک ہوئیں۔
شادی کی استقبالیہ تقریب ہفتے کے روز منعقد ہوئی، جس کی میزبانی دبئی پولیس کے کمانڈر اِن چیف عبداللہ خلیفہ المری نے کی۔ سعید کا رشتہ احمد محمد احمد المہیری کی صاحبزادی سے طے پایا۔
تقریب میں دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم بھی موجود تھے، جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان نے بھی شرکت کی۔
اماراتی قیادت نے دولہا اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نو بیاہتا جوڑے کے لیے خوشیوں، محبت، استحکام اور کامیابی سے بھرپور زندگی کی دعائیں دیں۔





