ابوظہبی (جانب منزل نیوز) عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ اماراتی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ پر مرکوز، ابوظہبی میں جائیدادوں کی خرید و فروخت کے کاروبار نے 2026 کے ابتدائی 9 ماہ میں شاندار ترقی حاصل کرلی۔ مجموعی لین دین کی مالیت 76.1 فیصد اضافے کے ساتھ 171.26 ارب درہم تک پہنچ گئی، جبکہ 38 ہزار 483 پراپرٹی ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔
ابوظہبی رئیل اسٹیٹ سینٹر (ADREC) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اسی عرصے میں پراپرٹی ٹرانزیکشنز کی مجموعی مالیت 97.19 ارب درہم تھی، جو رواں سال نمایاں اضافے کے بعد 171.26 ارب درہم ہوگئی۔ جائیدادوں کی خرید و فروخت میں 105 فیصد اضافے نے مارکیٹ کی مضبوط رفتار کو نمایاں کردیا۔
ابوظہبی کے انویسٹمنٹ زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری 131 فیصد بڑھ کر 86.11 ارب درہم تک پہنچ گئی۔ 121 مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے امارت کی پراپرٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی، جن میں برطانیہ، چین، روس، امریکا، فرانس اور جرمنی نمایاں ہیں۔
پراپرٹی ٹرانزیکشنز میں الریم آئی لینڈ 29.86 ارب درہم کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ الحديریات آئی لینڈ میں 28.62 ارب، السعدیات آئی لینڈ میں 18.69 ارب اور یاس آئی لینڈ میں 13.4 ارب درہم کے سودے ہوئے۔
ابوظہبی نے عالمی رئیل اسٹیٹ ٹرانسپیرنسی انڈیکس 2026 میں آٹھ درجے بہتری کے ساتھ 33ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ 2024 میں امارت 41ویں نمبر پر تھی۔ اس پیش رفت کے ساتھ ابوظہبی نیم شفاف مارکیٹ سے شفاف مارکیٹ کے درجے میں شامل ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق 2026 کے پہلے نو ماہ میں 54 نئے رئیل اسٹیٹ منصوبے رجسٹر کیے گئے، جبکہ شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کو 3 ہزار 677 لائسنس جاری کیے گئے۔
ابوظہبی کی پراپرٹی مارکیٹ میں بڑھتی سرمایہ کاری، عالمی سطح پر بہتر ہوتی ساکھ اور شفاف کاروباری نظام امارت کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پُرکشش مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔





