دبئی (جانب منزل نیوز) کاروباری دنیا میں انسان دوستی اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کی خوبصورت مثال قائم، متحدہ عرب امارات میں مقیم کاروباری خاتون حسینہ نشاد نے اپنی کمپنی کی تمام خواتین ملازمین کو نئے آئی فون ڈیوو تحفے میں دے کر سب کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔ اس منفرد سرپرائز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے 50 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
ملازمین کو ایک کانفرنس روم میں مدعو کیا گیا، جہاں میزوں کے نیچے پہلے سے خوبصورتی سے پیک کیے گئے تحائف رکھے گئے تھے۔ جیسے ہی خواتین نے ڈبے کھولے تو اندر نئے آئی فون ڈیوو دیکھ کر حیران رہ گئیں اور خوشی سے جھوم اٹھیں۔
اس سرپرائز کا سب سے جذباتی لمحہ اس وقت سامنے آیا جب ہاؤس کیپنگ اسٹاف سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو بھی خصوصی تحفہ دیا گیا۔ شربت پیش کرنے میں مصروف خاتون کو جب آئی فون ملا تو وہ خوشی اور جذبات سے بے قابو ہوگئیں، انہوں نے حسینہ نشاد کو گلے لگایا اور آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے۔
کیرالہ سے تعلق رکھنے والی حسینہ نشاد نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ چاہتی ہیں ہر خاتون آگے بڑھے، خوداعتماد بنے اور اپنے خواب پورے کرے۔ ان کے مطابق ایک عورت کی کامیابی دوسری عورت کے لیے بھی آگے بڑھنے کا حوصلہ بنتی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کمپنی میں ملازمین کو اس طرح خوشگوار سرپرائز دیا گیا ہو۔ اس سے قبل 24 ستمبر کو ان کے شوہر نشاد حسین کی جانب سے بھی ملازمین کو آئی فون تحفے میں دینے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس اقدام کو بھرپور سراہا، خصوصاً ہاؤس کیپنگ اسٹاف کو بھی خوشیوں میں برابر کا شریک بنانے کے جذبے کو قابل تحسین قرار دیا۔





