دبئی (جانب منزل نیوز ) صحت مند معاشرے کی تشکیل اور کمیونٹی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ، متحدہ عرب امارات کے وزیرِ معیشت و سیاحت عبداللہ بن طوق المری نے بھارتی قونصل جنرل اور 60 سے زائد بھارتی کاروباری شخصیات کے ہمراہ 5 کلومیٹر دوڑ میں حصہ لے کر فٹنس مہم کو نئی توانائی دے دی۔
دبئی کے خوبصورت ساحلِ سمندر کائٹ بیچ، جمیرہ میں منعقدہ اس کمیونٹی رن کا اہتمام بھارتی قونصل خانے نے اماراتی وزارتِ معیشت و سیاحت کے اشتراک سے کیا۔ سرگرمی میں بھارتی قونصل جنرل ڈاکٹر ای وشنو وردھن ریڈی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنماؤں اور انٹرپرینیورز نے شرکت کی۔
یہ تقریب متحدہ عرب امارات کی مقبول 30×30 دبئی فٹنس چیلنج مہم کا حصہ تھی، جس کا مقصد شہریوں اور رہائشیوں کو ورزش، جسمانی سرگرمیوں اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔
تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اماراتی وزیر عبداللہ بن طوق المری نے پہلی مرتبہ بھارتی کاروباری رہنماؤں کے ساتھ کمیونٹی رن میں شرکت کی۔ بھارتی قونصل جنرل نے وزیر کی شرکت کو سراہتے ہوئے بھارتی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ بھی فٹنس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔





