شارجہ (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کے یومِ پرچم کے موقع پر پامیر پرائیویٹ اسکول میں رنگا رنگ اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں قومی پرچم سربلند کرکے امارات سے محبت، وفاداری اور یکجہتی کا خوبصورت پیغام دیا گیا۔
تقریب میں شرکاء نے قومی پرچم کی عظمت اور اس میں پوشیدہ اتحاد، امن، ترقی اور قومی وقار کے جذبوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کا مقصد نئی نسل میں حب الوطنی، قومی شناخت اور اماراتی اقدار سے وابستگی کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
اسکول انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ طلبہ و طالبات کی تعلیمی ترقی کے ساتھ ان میں مثبت قومی شعور، اتحاد اور معاشرتی ذمہ داری کے جذبے کو بھی پروان چڑھاتا رہے گا۔
پامیر پرائیویٹ اسکول، KIPS ایجوکیشن سسٹم پاکستان کے زیرِ اہتمام شارجہ میں قائم ایک معیاری تعلیمی ادارہ ہے، جہاں کے جی سے بارہویں جماعت تک تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ فیڈرل بورڈ اسلام آباد سے منسلک اس ادارے میں پاکستانی نصاب کے ساتھ ریاضی، انگریزی اور سائنس کے مضامین میں آکسفورڈ کا بین الاقوامی نصاب بھی پڑھایا جاتا ہے۔
پامیر اسکول نے مختصر عرصے میں اپنی تعلیمی کارکردگی سے نمایاں شناخت بنائی ہے۔ شارجہ پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے ادارے کو تعلیمی سال 2023-2024 اور 2025-2026 میں "گڈ” ریٹنگ دی گئی، جبکہ بین الاقوامی امتحان TIMSS میں بہتر کارکردگی پر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔





