ابوظہبی (جانب منزل نیوز)متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ملک کے سفارت کاروں اور بیرونِ ملک سفارتی مشنز کے سربراہان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ قومی اعزازات سے نواز دیا۔ اعزازات حاصل کرنے والوں کو فرسٹ کلاس آرڈر آف زاید دوم اور فرسٹ کلاس آرڈر آف انڈیپنڈنس سے سرفراز کیا گیا۔
صدر شیخ محمد بن زاید نے اعزاز یافتہ سفارت کاروں سے ملاقات میں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی خدمات اور مختلف ممالک کے ساتھ مضبوط سفارتی روابط قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان بھی موجود تھے۔
صدر امارات نے اس موقع پر کہا کہ متحدہ عرب امارات عالمی سطح پر دیرپا شراکت داریوں کے قیام، ترقی و خوشحالی کے فروغ اور امن و استحکام کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے سفارت کاروں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مؤثر سفارتی کوششیں ملک کے بین الاقوامی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
اماراتی قیادت کی جانب سے یہ اعزازات سفارتی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اہم مثال ہیں۔





